نئی دہلی: بھارتی فوج نے مئی 2025 میں پاکستان کے ساتھ جھڑپوں میں پہلی بار غیر متعین تعداد میں لڑاکا طیاروں کو کھونے کی تصدیق کردی۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے پہلی بار اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس نے مئی میں پاکستان کے ساتھ جھڑپوں میں غیر متعینہ تعداد میں اپنے لڑاکا طیارے کھو دیے۔
بھارتی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف انیل چوہان نے نقصان کا اعتراف ہفتے کو سنگاپور میں شنگری لا ڈائیلاگ میں شرکت کے دوران امریکی نشریاتی ادارے بلومبرگ ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف انیل چوہان نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے ہمارے کئی طیارے مار گرائے۔
بھارتی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے کہا کہ اہم بات یہ نہیں کہ طیارے گرائے گئے، بلکہ یہ ہے کہ وہ کیوں گرائے گئے، انیل چوہان نے مزید کہا کہ جو غلطیاں ہوئیں، وہ اہم ہیں۔
چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ 4 روزہ تنازع کبھی ایٹمی جنگ کے قریب نہیں پہنچا۔
سی این این اور رائٹرز نے مہینے کے شروع میں رپورٹ کیا تھا کہ امریکی اور فرانسیسی حکام نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان نے چین سے حاصل کردہ طیارے کی مدد سے بھارتی جیٹ طیارے کو گرایا۔
سی این این نے سینئر امریکی عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے تجزیے کے مطابق پاکستانی فورسز نے پاکستان کے اندر بھارتی کے فضائی حملوں کے دوران جیٹ کو مار گرایا۔
فرانس کے اعلیٰ انٹیلی جنس اہلکار نے بھی سی این این کو بتایا کہ بھارتی فضائیہ کے زیر استعمال رافیل لڑاکا طیارہ پاکستان نے مار گرایا۔
بی جے پی کے سینئر سیاست دان پہلے ہی گزشتہ روز 5 بھارتی جیٹ طیاروں کو گرائے جانے کا اعتراف کرچکے ہیں۔