بالی ووڈ فنکاروں کی جانب سے بھارت چھوڑ کر بیرون ملک روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان اور بیٹا آریان خان بھی نیویارک روانہ ہوگئے۔
بھارت میں کورونا نے قیامت ڈھادی ہے اور کورونا کی تیسری لہر میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں اور مریضوں سے اسپتال بھر جانے کے بعد بھارتی شہریوں میں خوف کی شید لہر دوڑ گئی ہے۔
بھارت میں کورونا کی دوسری لہر کی شدت برقرار ہے اور روزانہ 3 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جبکہ اموات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔کورونا کیسز میں اضافے کے بعد بھارت کے اسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے اور اسپتالوں میں مریضوں کیلئے آکسیجن کی کمی ہوگئی ہے۔
کووڈ 19 کی روز بروز بگڑتی صورتحال کے باعث مختلف بالی وڈ اسٹارز بھارت چھوڑ رہے ہیں۔ بھارت چھوڑ کر بیرون ملک جانے والے فنکاروں میں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ بھی شامل ہیں۔ اب شاہ رخ خان کی اہلیہ اور بیٹا بھی بیرون ملک روانہ ہوگئے ہیں۔
بھارتی نیوز ایجنسیز نے خبر دی ہے کہ بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان اور بیٹے آریان خان ممبئی سے نیویارک روانہ ہوگئے ہیں۔گوری خان اور آریان خان کی ممبئی ائیرپورٹ سے امریکا روانگی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو بھارتی شہریوں نے اپنے شدید غصے کا اظہار کیا۔ بھارت سے تعلق رکھنے والے بیش تر سوشل میڈیا صارفین نے فنکاروں کی روانگی پر سخت برہی کا اظہار کیا ہے۔
ایک صارف کا کہنا ہے کہ ’بھاگو بھگوڑو بھاگو، اور ان کو آتا ہی کیا ہے۔۔ چلو بھر پانی میں ڈوب مرو‘۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ ’بھاگو سالو سب کے سب بھاگو، پبلک سب یاد رکھے گی، ایک نا ایک دن تو آؤگے واپس‘۔
بھارتی اداکار رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ بھی کورونا سے صحتیاب ہونے کے بعد گزشتہ دنوں چھٹیاں منانے کیلئے مالدیپ پہنچے ۔ اس پر انہیں بھی سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور ان کے لیے سوشل میڈیا پر سخت الفاظ استعمال کیے تھے۔