برمنگھم: آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔
برمنگھم کے ایجبسٹن اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں مقامی وقت کے مطابق 8:30 بجے مدمقابل آئیں گی، پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز جب کہ بھارت نے آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔
قومی ٹیم نے گروپ راؤنڈ میں غیر معمولی فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 میں 4 میچز میں کامیابی سمیٹی جب کہ روایتی حریف بھارت کو بھی شکست سے دوچار کیا تھا۔
بھارتی ٹیم نے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف پے درپے 2 میچز میں کامیابیاں سمیٹیں جب کہ سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو زیر کیا۔
پاکستان ٹیم کی قیادت یونس خان کررہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں کامران اکمل، شرجیل خان، صہیب مقصود، شعیب ملک، شاہد آفریدی، عامر یامین، مصباح الحق، وہاب ریاض، سہیل تنویر، سہیل خان، سعید اجمل، عمر اکمل تنویر احمد، یاسر عرفات، محمد حفیظ، توفیق عمر، عبدالرزاق شامل ہیں۔
بھارتی ٹیم کی قیادت یوراج سنگھ کے سپرد ہے۔ بھارتی ٹیم میں رابن اتھاپا، امباتی رائیڈو، سریش رائنا، یوسف پٹھان، عرفان پٹھان، گورکیرت سنگھ، پون نیگی، ونے کمار، ہربھجن سنگھ، دھول کلکرنی، راہول شکلا، آر پی سنگھ، نمن اوجھا، سوربھ تیواری، انوریت سنگھ، راہول شرما شامل ہیں۔