بھارت کا انکار، ٹیم پاکستان نہیں بھیج رہا، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

نئی دہلی: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کردیا۔
بھارتی میڈیا دعویٰ کررہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے منع کردیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی اور یہ ہمارا حتمی فیصلہ ہے جو ہم پاکستان کو لکھ کے دے چکے ہیں۔
بھارتی بورڈ کے ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم کے میچز دبئی میں رکھنے کا مطالبہ کیا گیا ہے جب کہ بی سی سی آئی نے اپنے تحفظات سے حکام کو آگاہ کردیا کہ وہ نیوٹرل وینیوز پر میچز کھیلنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے دبئی بہترین جگہ ہے۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ میرے پاس بی سی سی آئی کا کوئی پرچہ نہیں آیا، بھارتی بورڈ نے اب تک تحریری طور پر کچھ نہیں بتایا، ہائبرڈ ماڈل پر کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہوگی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل خبریں تھیں کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان بھیجنے پر رضامند ہوگیا ہے۔
بھارت کے علاوہ دیگر 6 ملکوں نے ایونٹ میں اپنی ٹیموں کو پاکستان بھیجنے کی تصدیق کردی ہے تاہم بھارت سیکیورٹی کے بہانے بناکر ٹیم بھیجنے سے انکاری ہے اور ٹورنامنٹ کو ہائبرڈ ماڈل کے تحت کروانا چاہتا ہے۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ 2025 تک شیڈول ہے، جس کے میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہوں گے۔

Champions Trophy Cricket 2025Indian mediaIndian refused to come to pakistanRevealed