نئی دہلی: بھارت پاکستان کے زیر انتظام آزاد کشمیر کی کشمیر لیگ کے خلاف روتا دھوتا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے پاس پہنچ گیا، پاکستان کے نجی ایونٹ کو منظور نہ کرنے کا مطالبہ کردیا، گورننگ کونسل کے پاس فل رکن ممالک کے معاملات میں مداخلت کا کوئی اختیار ہی نہیں۔
کشمیر پریمیئر لیگ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی نیندیں اڑادی ہیں، 6 اگست سے شیڈول ایونٹ میں شرکت کے لیے تیار غیر ملکی پلیئرز کو ڈرانے، دھمکانے کے بعد اب بی سی سی آئی روتا دھوتا آئی سی سی کے پاس جاپہنچا ہے، ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی بورڈ نے آئی سی سی سے درخواست کی ہے کہ وہ کشمیر پریمیئر لیگ کو کسی صورت منظور نہ کرے، کیونکہ ایک مقامی ایونٹ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کیا جارہا ہے، جس سے اس کے انٹرنیشنل ٹورنامنٹ ہونے کا تاثر مل رہا ہے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی کے پاس کسی بھی ڈومیسٹک ایونٹ کی منظوری کا اختیار ہی نہیں، اس کی منظوری صرف وہ فل رکن ممالک دیتے ہیں جہاں پر وہ ایونٹ کھیلا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ بی سی سی آئی پہلے ہی دھمکی دے چکا کہ جو بھی پلیئر کشمیر لیگ میں حصہ لے گا وہ باغی تصور کیا جائے گا۔ ہرشل گبز اس حوالے سے بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دُنیا کے سامنے بے نقاب کرچکے ہیں۔