ئی دہلی: بھارت میں انتہاپسندی اور جارحیت کے مظاہر جابجا بکھرے نظر آتے ہیں، ہندوؤں کے مذہبی تہوار کے موقع پر پولیس نے زبردستی گوشت کی دکانیں بند کروا دیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کے شہر نوائیڈا میں پولیس نے ہندوؤں کے 9 دن تک جاری رہنے والے مذہبی تہوار کے آغاز پر زبردستی گوشت کی دکانیں بند کروا دیں۔
پولیس نے گوشت کی دکانوں کے مالکوں کو سختی سے 9 روز تک دکانیں بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ گوشت کی دکانوں کے مالکوں کا کہنا ہے کہ پولیس نے ان کے احتجاج کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے یک طرفہ اقدام کیا۔
دوسری جانب علاقے کے کمشنر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے پولیس کے ذریعے زبردستی دکانیں بند کروانے کے بعد پوری کارروائی سے لاعلمی کا اظہار کردیا۔ بھارت میں ہندو انتہاپسندوں نے اپنے ہر مذہبی تہوار کے موقع پر مسلمانوں کی دکانوں اور گھروں پر حملے کرنے کو معمول بنالیا ہے۔