ممبئی: بھارتی میڈیا بھونڈی خبروں اور دعووں کے حوالے سے اپنا ثانی نہیں رکھتا، اس تناظر میں اُس کی نئی بھونڈی منطق یہ سامنے آئی ہے کہ اس کا کہنا ہے بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کو قتل کرنے کے لیے ہتھیار پاکستان سے بھارت بھیجے گئے ہیں۔
پاکستان اور سکھ برادری کے درمیان موجود دوستانہ تعلقات کو خراب کرنے کیلئے سدھو موسے والا کے قتل میں بھی پاکستان کا نام جوڑنے کی بھونڈی سازش رچی جارہی ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی پنجاب میں گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے لیے ہتھیار پاکستان سے بذریعہ ڈرون بھیجے گئے تھے۔
اس ضمن میں پاکستان کے دفتر خارجہ کا بیان سامنے آیا ہے کہ متعلقہ حکام سے اس بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، تاہم یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ بھارت میں ہوئی کسی بھی قسم کی دہشت گردی میں پاکستان کا نام زبردستی جوڑنے کی کوشش کی گئی ہو اس سے قبل بھی بھارت کی جانب سے پاکستان سے متعلق کئی مرتبہ ہرزہ سرائی کی جا چکی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے مبینہ مرکزی شوٹر پریورت عرف فوزی کو ڈرون کے ذریعے پاکستان سے ہتھیاروں کی کھیپ بھیجی گئی۔
بھارتی پولیس کے ذرائع نے بھارتی میڈیا کو بتایا ہے کہ ’اس کھیپ میں آٹھ دستی بم، ایک انڈر بیرل گرنیڈ لانچر، نو الیکٹرک ڈیٹونیٹرز اور ایک اے کے 47 شامل تھے۔ یہ ہتھیار اس قتل میں ناکامی پر ہنگامی صورت حال میں استعمال کے لیے رکھے گئے تھے۔