لکھنؤ: ڈینگی کے مریض کو بھارتی ڈاکٹروں نے پلیٹ لیٹس کی جگہ جوس کی ڈرپ لگادی، جس سے وہ مبینہ طور پر چل بسا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاست اترپردیش کے ایک نجی اسپتال میں ڈینگی کے ایک مریض کو پلیٹ لیٹس کی جگہ لیموں جوس ڈرپ کے ذریعے جسم میں منتقل کر دیا گیا جس سے 32 سالہ مریض جان کی بازی ہار گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 32 سالہ مریض کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ان کے مریض کو جو ڈرپ لگائی گئی اس پر پلازمہ لکھا ہوا تھا تاہم اس میں لیموں کا میٹھا جوس تھا جس سے ان کا پیارا جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، ریاستی حکومت سے مطالبہ ہے کہ ذمے داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
ڈپٹی وزیراعلیٰ اتر پردیش براجیش پاتھک کا کہنا ہے کہ میری ہدایت پر متعلقہ اسپتال کو سیل کردیا گیا ہے اور ذمے داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
ایڈیشنل چیف میڈیکل آفیسر ریاست پریاگراج (سابق الٰہ آباد) کا کہنا ہے کہ مریض کے خون کے سیمپل لے لیے گئے ہیں اور خون کے نتائج آنے تک اسپتال سیل رہے گا۔
دوسری جانب اسپتال انتظامیہ نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مریض کے پلیٹ لیٹس 17 ہزار تک گر گئے تھے جس پر اس کے اہل خانہ خود پلازمہ لے کر آئے جو اسے لگایا گیا۔
نجی اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریض کے اہل خانہ ایک سرکاری اسپتال سے پلازمہ کے 5 یونٹس لے کر آئے جس میں سے 3 لگائے گئے جس پر اس کی طبیعت خراب ہوگئی اور بعدازاں وہ دم توڑ گیا۔