کولمبو: سری لنکا کو تاریخ کی بدترین شکست دیتے ہوئے بھارت نے ایشیا کپ کا تاج اپنے سر پر سجالیا۔ بھارت نے دفاعی چیمپئن سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر آٹھویں بار ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
بھارت نے 51 رنز کا ہدف 6.1 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے باآسانی حاصل کرلیا۔ اوپنرز ایشان کشان نے 23 اور شبھمن گل نے 27 رنز بنائے۔
کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میچ میں سری لنکن ٹیم کے کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، جو غلط ثابت ہوا۔ بھارتی بولرز نے سری لنکن بلے بازوں کو سوچنے تک کا موقع فراہم نہ کیا۔
سری لنکا کی پوری ٹیم محض 15.2 اوورز میں 50 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی جو کسی ون ڈے انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے کم ترین ٹوٹل ہے۔
سری لنکن ٹیم ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں دوسری بار اتنے کم ترین اسکور پر آل آؤٹ ہوئی ہے۔ اس سے قبل 2012 میں جنوبی افریقا کیخلاف میچ میں سری لنکا کی ٹیم 43 رنز پر آل آؤٹ ہوئی تھی۔
سری لنکا کے کپتان سمیت 5 بیٹرز صفر پر آؤٹ ہوئے جب کہ کوشل مینڈس 5، پاتھم نسانکا 2، دھننجایا ڈی سلوا 4، ڈونتھ ویلالجے 8، پرمود مدوشن 1 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کوشل مینڈس سب سے زیادہ 17 اور دوشن ہیمانتھا 13 رنز بناکر نمایاں رہے۔
بھارت کی جانب سے محمد سراج نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے سات اوورز میں 21 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے چار وکٹیں ایک ہی اوور میں حاصل کیں جب کہ ایک میڈان اوور بھی کرایا۔
ہاردک پانڈیا 3 جب کہ جسپریت بمراہ نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔