نئی دہلی: انڈیا کی حکومت نے دنیا کی مقبول ترین ایپ ٹِک ٹاک سمیت 59 چینی موبائل ایپس پر پابندی عائد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق یہ اقدام لداخ تنازع کے بعد کیا گیا، انڈین حکومت نے کہا ہے کہ یہ ایپس ہماری اقتدار اور اس کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
انڈین انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کے جاری کردہ ایک حکم نامے میں اس پابندی کا اعلان کیا گیا۔
ٹک ٹاک بھارت کی معروف ترین ایپ ہے، بھارت میں اس کے کروڑوں صارفین ہیں۔
حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ہمیں ملک کے سوا ارب شہریوں کے ڈیٹا کے غلط استعمال کے بارے میں کئی شکایات مل رہی تھیں۔ اب یہ محسوس کیا جانے لگا تھا کہ یہ ایپس انڈیا کی سالمیت اور اقتدار لیے خطرہ ہیں۔
واضح رہے کہ یہ پابندی ایک ایسے وقت میں لگائی گئی ہے جب انڈیا اور چین کے درمیان لداخ خطے میں رواں ماہ کے وسط میں ایک خونریز جھڑپ میں بیس انڈین فوجی مارے گئے تھے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ چین انڈیا کا بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ علی بابا اور ٹینسینٹ نے انڈیا میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔