نئی دہلی: بھارت اور بنگلادیش میں شدید بارشیں، سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی، 90 سے زائد اموات، لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق بھارت اور بنگلادیش میں مون سون بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے تباہی مچارکھی ہے، اس باعث اب تک 90 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے جب کہ لاکھوں دربدر ہوچکے ہیں جب کہ حکام نے آنے والے دنوں میں سیلابی صورت حال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
بنگلادیشی حکام نے 2004 میں آنے والے سیلاب کے بعد اسے بدترین سیلاب قرار دیا ہے۔
بنگلادیش میں گزشتہ ہفتے ہونے والی غیر معمولی بارشوں نے ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں تباہی مچادی جس کے بعد بے گھر ہونے والے افراد کو اسکولوں میں پناہ دی گئی ہے جب کہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے فوجی دستے بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
بارش سے متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش اور سیلاب سے تمام دیہات ڈوب چکے ہیں جس کے باعث رہائشی انتہائی پریشانی کےعالم میں ہیں۔
بھارت میں بھی صورت حال مختلف نہیں، ریاست آسام میں شدید بارشوں اور سیلاب سے قریباً 18 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جہاں اب تک 6 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوچکی ہیں جب کہ اپریل سے اب تک ہونے والی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں 62 افراد جان سے جاچکے ہیں۔
اس کے علاوہ ریاست بہار میں بجلی گرنے سے 17 افراد ہلاک ہوئے۔
بھارت اور بنگلادیش میں بارشوں اور سیلاب سے 40 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ آئندہ چند دنوں میں صورت حال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔