اڑیسا: بھارت کی ریاست اڑیسا میں ٹرینوں کو خوف ناک حادثہ پیش آیا ہے، مسافر اور مال بردار ٹرین میں تصادم کے نتیجے میں 233 افراد ہلاک اور 900 سے زائد زخمی ہوگئے جب کہ مزید ہلاکتوں کا اندیشے ظاہر کیے جارہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دو ٹرینوں میں ٹکر کے نتیجے میں شالیمار چنئی کورومنڈل ایکسپریس کی 8 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، حادثہ شام 7 بج کر 20 منٹ پر اڑیسا کے ضلع بالاسور میں پیش آیا۔
رپورٹس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مسافر بردار ٹرین مغربی بنگال کے شالیمار ریلوے اسٹیشن سے چنئی سینٹرل اسٹیشن کی طرف جارہی تھی۔
حکام کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ کے تین یونٹس، 60 ایمبولینسوں سمیت ڈاکٹرز اور رضاکاروں کی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جائے حادثہ کے قریب ایک اور ٹرین بھی پٹری سے اتر گئی ہے۔