بھوپال: بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں مسافر بس پل سے نیچے جاگری، جس کے باعث 22 افراد ہلاک ہوگئے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ ریاست مدھیہ پردیش میں پیش آیا جہاں مسافروں سے بھری بس حادثے کا شکار ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بس میں 50 مسافر سوار تھے اور بس مدھیہ پردیش سے خارگون کی جانب جارہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور بس پر قابو نہ پاسکا اور وہ پل سے نیچے جاگری۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ڈرائیور نے پل پر اوور اسپیڈ کی، اس وجہ سے بس بے قابو ہوئی اور وہ پل پر لگی حفاظتی جالیوں کو توڑتے ہوئے نیچے جاگری، جس سے اب تک 22 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے اور 20 سے زائد زخمی ہیں۔
پولیس کے مطابق جس پل پر حادثہ پیش آیا اس کے نیچے دریا بہتا ہے لیکن ان دنوں دریا میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے وہ مکمل خشک ہے۔
پولیس کہنا ہے کہ دریا کے قریب قائم ڈونگر گاؤں کے مکینوں نے مسافروں کو بس کی کھڑکیوں سے نکال کر ان کی زندگیاں بچانے کی کوشش کی جب کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔