قد لمبا کرنے کے لیے سرجری کا رجحان بڑھ گیا

کنیکٹی کٹ: پست قد کے حامل افراد خاص طور پر مرد شدید احساس کمتری کا شکار رہتے ہیں، اسی باعث امریکا میں پست قد مردوں کی بڑھتی تعداد دراز قد کے لیے سرجری کی جانب مائل ہوتی نظر آتی ہے۔
ییل لمب ریسٹوریشن اینڈ لینتھننگ پروگرام کے شریک ڈائریکٹر ڈاکٹر ڈیوڈ فرمبرگ نے کہا کہ اعضاء کو لمبا کرنے کا طریقہ کار کئی دہائیوں سے جاری ہے اور عام طور پر بیماریوں اور پیدائشی نقائص جس میں دونوں ٹانگیں یا ایک ٹانگ چھوٹی ہوتی ہے، کو درست کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پہلے پہل آپ بنیادی طور پر جسم کو قائل کرتے تھے کہ اُس کی ہیئرلائن فریکچر ہے جس پر جسم شفا بخش ردعمل کا آغاز کرتا تھا۔ پھر آپ دھیرے دھیرے ہڈی کو علیحدہ کرتے تھے اور جسم کا شفا بخش ردعمل مطلوبہ لمبائی تک جاری رہتا تھا۔
تاہم فرمبرگ کا کہنا تھا حالیہ نئی ٹیکنالوجی نے ٹانگ کی ہڈی کے اندر لگائی گئی ٹیلی اسکوپنگ راڈ کی مدد سے ایک یا دونوں ٹانگوں میں انچز کے اضافے کو بہت آسان بنادیا ہے۔
اس جدید طریقہ کار میں آرتھوپیڈک سرجن کسی شخص کی ٹانگ کی ہڈی کو آہستہ سے توڑتا ہے، جس سے خون کی فراہمی برقرار رہتی ہے اور پھر ہڈی کی لمبائی کے اندر ٹائٹینیم راڈ داخل کرتا ہے۔

 

Increasing trendsurgeryTallest heightUnited states