اہلیان کراچی کو بجلی کا زوردار جھٹکا، فی یونٹ 11.10 روپے اضافہ

اسلام آباد: اہلیان کراچی پر پھر بجلی گرادی گئی، نیپرا نے ماہ جون کے لیے بجلی کے نرخ میں 11 روپے 10 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی، یہ وصولی اگست اور ستمبر کے بلوں میں کی جائے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیپرا (نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی) نے کے الیکٹرک کے جون کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 11 روپے 10 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
نوٹی فکیشن میں نیپرا نے کہا ہے کہ جون کا ایف سی اے صارفین سے 2 ماہ میں وصول کیا جائے گا، اگست میں صارفین سے 3 روپے 01 پیسہ چارج کیا جائے گا، ستمبر میں صارفین سے 8 روپے 09 پیسے چارج کیے جائیںٰ گے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق کے الیکٹرک نے بجلی کے نرخ میں 11 روپے 39 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، اتھارٹی نے 28 جولائی 2022 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق اس کا اطلاق صرف اگست اور ستمبر کے ماہانہ بلوں پر ہوگا، اس کا اطلاق لائف لائن صارفین کے سوا تمام کے الیکٹرک صارفین پر ہوگا۔
اطلاعات کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے سے کراچی کے صارفین پر ایک ماہ میں 22 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

electricity rateincreasek electricNepra