سال 2023 میں 566 دہشت گرد جہنم واصل، 260 افسران و جوان شہید

اسلام آباد: ملک بھر میں امسال 18736 انٹیلی جنس آپریشنز میں 566 دہشت گرد مارے گئے اور 5161 کو گرفتار کیا گیا، فوج کے 260 افسران اور جوانوں سمیت ایک ہزار سے زائد افراد نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، سب سے زیادہ دہشت گرد 447 کے پی کے میں مارے گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سال 2023 میں خطے میں بدامنی کی صورت حال کے پیش نظر ملکی دفاع، سلامتی اور دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات کیے گئے، حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے تانے بانے اور شواہد افغانستان میں موجود دہشت گردوں کی پناہ گاہوں تک جاتے ہیں۔
2023 میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ملک بھر میں 18736 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے نتیجے میں 566 دہشت گرد جہنم واصل کیے گئے جب کہ 5161 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
2023 میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متعدد انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو بھی جہنم واصل کیا۔
انٹیلی جنس ایجنسیز کے مؤثر آپریشنز کے باعث گلزار امام شمبے اور سرفراز بنگلزئی، بلوچ نیشنل آرمی کے اہم ترین کمانڈرز نے دہشت گردی چھوڑ کر قومی دھارے میں شمولیت اختیار کی۔
تمام صوبوں کے اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں 15063 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے اور 109 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا، کے پی میں 1942 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے جب کہ 447 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ پنجاب میں 190، گلگت بلتستان میں 14 اور سندھ میں 1987 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے جب کہ 10 دہشت گردوں کو سندھ میں جہنم واصل کیا گیا۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام نے بے لوث قربانیاں دیں۔ دہشت گرد حملوں میں پاک فوج کے 260 سے زائد افسران اور جوانوں سمیت قریباً 1 ہزار سے زائد افراد نے وطنِ عزیز کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

 

260 security forces martyred5100 plus arrest566 Terrorist KilledIntelligence based operationsPakistan