کراچی: پاکستان نے سیریز کے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد تین رنز سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کردی۔
انگلینڈ کی پوری ٹیم 19.2 اوور میں 163 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ حارث رؤف اور محمد نواز نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کے تین کھلاڑی 14 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے جس کے بعد چوتھی وکٹ کی شراکت میں 43 اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں 49 رنز بنے جب کہ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 32 رنز بنائے گئے لیکن انگلش ٹیم میچ جیتنے میں ناکام رہی۔
انگلش کھلاڑی لیام ڈاؤسن 17 گیندوں پر 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے اپنی آخری اوور میں 24 رنز دیے۔
پاکستانی اوپنرز کی جانب سے پہلی وکٹ کی شراکت میں 97 رنز بنائے گئے، یہاں کپتان بابراعظم 36 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد دوسری وکٹ کی شراکت میں 52 رنز بنے لیکن شان مسعود کے 21 رنز پر آؤٹ ہونے پر شراکت داری ٹوٹ گئی۔ خوشدل شاہ دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان نے آخری 5 اوورز میں 46 رنز بنائے جب کہ اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے نصف سنچری بنائی۔
پاکستان نے حیدر علی اور شاہ نواز ڈاہانی کی جگہ آصف علی اور محمد وسیم جونیئر کو ٹیم میں شامل کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم میں الیکس ہیلز اور ڈیوڈ ولی کی واپسی ہوئی جب کہ اولی اسٹون نے ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کیا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بقیہ تین میچز اب لاہور میں کھیلے جائیں گے، پانچواں میچ بدھ 28 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی ہے۔