کراچی: 17 سال بعد انگلش ٹیم سرزمین پاک پر ایکشن میں نظر آئی اور سیریز کے پہلے ٹی 20 میچ میں مہمان ٹیم نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔
انگلش ٹیم کے اوپنر فل سالٹ 10 رنز، ڈیوڈ میلان 20 رنز اور بین ڈکٹ 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر الیکس ہیلز 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ ہیری بروک 42 رنز اور کپتان معین علی 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، پاکستان کی جانب سے عثمان قادر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کل 7 میچز کھیلے جائیں گی جس کا دوسرا میچ جمعرات 22 ستمبر کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کے آخری تین ٹی 20 میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر لیوک ووڈ نے تین کھلاڑیوں کا شکار کیا۔
قومی ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو کپتان بابراعظم 31 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر بولڈ ہوگئے جب کہ حیدر علی 11 رنز بنا کر سیم کران کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 68 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر اسٹمپ ہوئے۔ اس دوران، محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین 2ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔
ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرنے والے بائیں ہاتھ کے بلے باز شان مسعود 7 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ محمد نواز صرف 4 رنز، افتخار احمد 28 رنز اور نسیم شاہ صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے بلے باز شان مسعود جب کہ انگلینڈ کی جانب سے فاسٹ بولر لیوک ووڈ نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔ کھلاڑیوں نے کھیل کے آغاز سے قبل پاکستان میں سیلاب زدگان اور ملکہ الزبتھ دوم کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔