کراچی: شادی میں آنا مہمانوں کو مہنگا پڑگیا، مسلح ڈاکوؤں نے گلستان جوہر میں شادی ہال پر دھاوا بول کر انہیں لوٹ لیا۔
پولیس کے مطابق شارع فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر بلاک 13 میں واقع شادی ہال میں 2 مسلح ڈاکو گھس گئے جنہوں نے اسلحہ کے زور پر مہمانوں کو یرغمال بنا کر ایک درجن سے زائد افراد سے نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا جب کہ شادی ہال کے باہر کھڑی اپنی موٹرسائیکل پر بیٹھ کر باآسانی فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر علاقہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ہال میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیج اپنے ہمراہ لے گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ شادی کی تقریب کے اختتام کے وقت پیش آیا، ویڈیو کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔