چین میں اچانک نہر کا پانی نیلی رنگت اختیار کرگیا

بیجنگ: چین میں عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ہے جس میں دریائی نہر کا رنگ اچانک نیلا ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چین میں ایک نہر نے مقامی افراد میں اس وقت تجسس پیدا کردیا جب اس کا رنگ اچانک سے چمک دار نیلے رنگ میں تبدیل ہوگیا۔
فوٹیج میں متحرک پانی دیکھا جاسکتا ہے جس سے ایسا لگتا ہے کہ اسے کسی کیمیکل کی مدد سے رنگ دیا گیا ہے۔ کچھ علاقوں میں جہاں پانی کا بہاؤ تیز تھا، وہاں پانی کا رنگ تھوڑا ماند پڑتے ہوئے دیکھا گیا۔
مقامی افراد نے خدشات کا اظہار کیا جس میں سے بہت سے لوگوں کا ماننا ہے کہ ایسا ایک قریبی پٹرول اسٹیشن کی وجہ سے ہوسکتا ہے جو کیمیائی فضلے کو پانی میں ڈال رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر فوٹیج شیئر کرنے والے صارف کا کہنا تھا کہ فوٹیج اصلی ہے نہ کہ اسپیشل افیکٹس۔ صارف نے مزید کہا کہ میں نے ایسا منظر پہلے کبھی نہیں دیکھا۔
صارف تھوڑی دیر بعد جب جائے وقوعہ پر واپس گیا تو وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ پانی اپنے معمول کے رنگ پر واپس آچکا ہے۔ تاہم اس حوالے سے چین کے ایکولوجیکل انوائرمنٹ بیورو نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔