اسلام آباد: عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نےعلیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف ڈی چوک پر احتجاج کرنے کے کیس کی سماعت کی، پولیس نے انہیں عدالت میں پیش کیا۔
سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نے کہا کہ عظمیٰ خان اور علیمہ خان نے کارکنان کو میگا فون پر احتجاج کرنے کی ترغیب دی، پولیس پر پتھراؤ کرنے کا کہا جس سے اہلکار زخمی ہوئے، دونوں سے موبائل فونز برآمد کرنے ہیں جن سے ویڈیو بنائی گئی ہیں۔
عمران خان کی بہنوں کے وکیل نے کہا کہ الزام لگایا گیا بانی پی ٹی آئی جیل سے مشورے دے رہے ہیں اور بہنیں نعرے لگارہی ہیں، نعرے لگانے کا الزام ہے، کیا نعرہ لگانا جرم ہوگیا ہے؟
بعدازاں پراسیکیوٹر کی جانب سے عظمیٰ خان اور علیمہ خان کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے مسترد کردیا اور دونوں کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کردیا۔