لاہور: پی ٹی آئی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
عمران خان کی جانب سے 9 کیسز میں حفاظتی ضمانت کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں، جن میں سے 5 اسلام آباد اور 4 لاہور کے کیسز میں عبوری ضمانتوں کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان آج ہی عدالت میں حفاظتی ضمانت کے لیے پیش ہوں گے، ان کی روانگی سے پہلے کارکنوں کو زمان پارک پہنچنے کی کال دے دی گئی ہے، کارکن عمران خان کی عدالت روانگی کے وقت ہمراہ ہوں گے۔