9 مئی مقدمات میں عمران کی گرفتاری متوقع، پولیس اڈیالہ جیل میں موجود

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی 9 مئی مقدمات میں گرفتاری ڈالے جانے کا امکان ہے۔
لاہور میں درج 9 مقدمات کے تفتیشی افسران اڈیالہ جیل پہنچ گئے، لاہور پولیس کی ٹیم ایس پی کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی۔ لاہور پولیس کی ٹیم انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی سے اجازت لے کر اڈیالہ جیل پہنچی۔
ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کی جانب سے بانی بی پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈالے جانے کا امکان ہے۔
لاہور پولیس کی ٹیم قانونی ضابطے مکمل کرنے کے بعد اڈیالہ جیل کےاندر چلی گئی اور ابتدائی طور پر لاہور پولیس کے 3 ارکان اڈیالہ جیل کے اندر روانہ ہوئے۔
گرفتاری کے لیے اڈیالہ جیل جانے والے افسران میں انسپکٹر منیر، ارحم اور اکمل شامل ہیں۔
دوسری جانب 9 جولائی کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی 9 مئی کے تین مقدمات میں عبوری ضمانت خارج کردی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ 9 مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی منسوخی کے بعد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی گرفتاری نہیں ڈالی۔
ذرائع نے بتایا کہ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ضمانتیں منسوخی کا تحریری فیصلہ دو روز قبل جاری کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اڈیالہ جیل کے ریکارڈ میں بانی پی ٹی آئی ان کیسوں میں گرفتار نہیں۔
اُدھر پی ٹی آئی کارکنان اڈیالہ جیل پہنچنا شروع ہوگئے، پی ٹی آئی کے کارکنان کو اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر ایک پر روک دیا گیا۔
دھیان رہے کہ اسلام آباد کی عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے انہیں بری کردیا ہے، تاہم فوری عمران خان کی رہائی ممکن نہیں ہے۔
اسلام آباد کی سیشن عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی عدت کیس میں رہائی کی روبکار تو جاری کردی ہے، تاہم 5 دیگر کیسز میں روبکار جاری نہ ہونے کے سبب بانی پی ٹی آئی کی رہائی ممکن نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان 9 مئی کے راولپنڈی میں درج 12 کیسز میں ضمانت پر ہیں، ان کی راولپنڈی میں درج 5 مقدمات میں ابھی تک روبکار جاری نہیں ہوئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل انتطامیہ کو بانی پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں بھی روبکار موصول نہیں ہوئی ہے۔

9th May CasesAdiala JailImran KhanPolicePTI Founder