اسلام آباد: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان انٹرا پارٹی انتخابات میں چیئرمین کے امیدوار نہیں ہوں گے۔
نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق عمران خان نے جیل سے پارٹی کی کور کمیٹی کو پیغام پہنچادیا اور وہ انٹراپارٹی انتخابات میں چیئرمین کے امیدوار نہیں ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں سزا کے باعث انٹرا پارٹی الیکشن میں بطور چیئرمین نیا امیدوار ہوگا اور انٹراپارٹی انتخابات میں دوسرا رکن بطور چیئرمین منتخب کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف پارٹی چیئرمین اور نائب چیئرمین اور تنظیمی عہدوں پر انتخابات ہوں گے، چیئرمین پی ٹی آئی پارٹی کے تنظیمی امور اور فیصلوں کی توثیق خود کریں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سزا ختم ہونے پر دوبارہ عمران خان بحیثیت چیئرمین انٹراپارٹی انتخابات میں حصہ لیں گے جب کہ ابھی نئے چیئرمین کے لیے نام کا فیصلہ خود عمران خان کریں گے، اس کے علاوہ پارٹی میں نئی شمولیت اور ٹکٹ کے سب فیصلے عمران خان ہی کریں گے۔
عمران خان کے وکیل و پارٹی کے سینیئر نائب صدر شیرافضل مروت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی تصدیق کردی اور جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے تحت تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن جمعے کو ہوں گے۔