استنبول: ترکی کی حکومت نے پاکستان کے مقبول اداکار عمران عباس کو خیرسگالی سفیر مقرر کردیا جو مختلف ممالک کا دورہ بھی کریں گے۔
عمران عباس نے انسٹا گرام پر پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے اعلان کیا کہ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ حکومت ترکی اور اُن کی وزارت مذہبی امور نے مجھے خیر سگالی سفیر مقرر کیا ہے۔
عمران عباس کا کہنا تھا کہ میں رواں ہفتے ترکش اداکاروں کے ہمراہ تنزانیہ سمیت مختلف افریقی ممالک کا دورہ کروں گا، جہاں کھانے اور پینے کی اشیا سمیت ضروریات زندگی کی بنیادیں چیزیں مقامی افراد میں تقسیم کی جائیں گی۔
عمران عباس نے لکھا کہ مختلف ممالک کے دوروں کے دوران لاکھوں قرآن پاک بطور تحائف بھی مسلمانوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ ملک کے مقبول اداکار عمران عباس ان دنوں ترکی میں موجود ہیں اور وہاں سے پاکستانی نجی چینل کے لیے رمضان ٹرانسمیشن بھی کررہے ہیں۔