مشکل فیصلے کرنے والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں، وزیراعظم

چلاس: وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کی بھرپور سہولتیں ہیں، غلط فیصلوں سے ملک کی صنعتی ترقی کو نقصان پہنچا اور دریاؤں سے بجلی بنانے کے بجائے تیل پر بجلی بنانے کو ترجیح دی۔
وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دیامر بھاشا ڈیم کے کام کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم کو دیامر بھاشا ڈیم پر کام کی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی گئی، اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور وفاقی وزیر فیصل واوڈا بھی موجود تھے۔

بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے چلاس میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم تیسرا بڑا ڈیم ہے، پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کی بھرپور سہولتیں موجود ہیں لیکن غلط فیصلوں سے ملک کی صنعتی ترقی کو نقصان پہنچا، دریاؤں سے بجلی بنانے کے بجائے تیل پر بجلی بنانے کو ترجیح دی، مہنگی بجلی کی وجہ سے صنعتوں پر اثر پڑا جب کہ ہمیں خدشہ ہے مستقبل میں سیلاب جیسی صورت حال کا سامنا نہ ہو۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بدقسمتی رہی کہ شارٹ ٹرم فیصلے ہوئے، ہم نے ماضی میں غلط فیصلے کیے جس کے باعث معیشت کمزور ہوتی رہی، ہماری کرنسی پر روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے دباؤ آیا، 20ارب روپے کا خسارہ ہمیں ورثے میں ملا، جب رقوم باہر جاتی ہیں تو کرنٹ اکاوَنٹ خسارہ بڑھتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انسانوں پر سرمایہ کاری، انصاف اور قانون پر عمل درآمد سے ترقی ہوتی ہے، وہ قومیں ترقی کرتی ہیں جو مشکل فیصلے کرتی ہیں، چین کی کامیابی طویل المدتی منصوبے بنانا ہے، چین نے 30،30 سالہ منصوبہ بندی کررکھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کی وجہ سے بے روزگاری میں اضافہ ہوا اور اشیا باہرسے منگوانے کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے۔

diamar bhasha damImran Khan