اسلام آباد: اگلے ہفتے وزیراعظم دیامر بھاشا ڈیم پروجیکٹ کا دورہ کریں گے، عمران خان اپنے دورے میں پروجیکٹ پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیں گے۔
ترجمان واپڈا کے مطابق دیامر بھاشا ڈیم پروجیکٹ اپنی تعمیر کے مرحلے میں داخل ہوچکا، گزشتہ ایک سال کے دوران دو بڑے ڈیمز مہمند اور دیامر بھاشا پر کام شروع کیا جاچکا ہے، دیامر بھاشا ڈیم پاکستان کی واٹر، فوڈ اور انرجی سیکیورٹی کے لیے نہایت اہم منصوبہ ہے۔
ترجمان کے مطابق دیا مربھاشا ڈیم پروجیکٹ سال 2028-29 میں مکمل ہوگا اور ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 81 لاکھ ایکڑ فٹ اور 12 لاکھ 30 ہزار ایکڑ اضافی زمین سیراب ہوگی۔ دیامر بھاشا ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ساڑھے 4 ہزار میگاواٹ ہے اور یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو ہر سال 18 ارب یونٹ پن بجلی فراہم کرے گا۔