کوئی راستہ نہیں بچا، ہم تمام انٹرنیشنل اداروں کے پاس جائیں گے، عمران خان

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچا، ہم اپنے کیسز عالمی سطح پر لے جائیں گے۔
عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ گئے، سپریم کورٹ گئے، کوئی ہماری بات سننے کو تیار نہیں۔ ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچا، ہم اپنے کیسز کو بین الاقوامی سطح پر لے جائیں گے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہمیں آج اندر جانے سے روکا گیا، ہم پیدل چل کر اندر والے گیٹ پر گئے۔ پہلے پوری فیملی کو اجازت ہوتی تھی۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی تک رسائی محدود کررکھی ہے۔ یہ ٹارچر ہے، ذاتی معالج کو بھی نہیں ملنے دیا جارہا۔ بانی پی ٹی آئی چیزیں مانگتے ہیں تو یہ لوگ تنگ کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ گئے، سپریم کورٹ بھی گئے، کوئی ہماری بات سننے کو تیار نہیں ہے۔ اب ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچا، ہم اپنے کیسز کو بین الاقوامی سطح پر لے کر جائیں گے۔ پاکستان اقوام متحدہ کا سگنیٹری ہے، ہم تمام انٹرنیشنل اداروں کے پاس جائیں گے۔
بانی پی ٹی آئی کی بہن نے گفتگو کرتے ہوئے مزید بتایا کہ رانا ثناء اللہ کی پریس کانفرنس سن کر عمران خان مسکرائے، انہیں بڑا مزا آیا۔ ہم بانی پی ٹی آئی کا پورا پیغام قوم تک پہنچارہے ہیں۔ ہماری کوشش ہوتی ہے بانی پی ٹی آئی کی کوئی بات مِس نہ ہو۔ یہ بہت بڑی ذمے داری ہے، اسے پورا کریں گے۔ اب یہ چیزیں ہم کو نہیں روک سکتیں۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ 2 ماہ پہلے پیغام آیا تھا کہ آپ کے اوپر ہم اے آئی جنریٹڈ ویڈیو نکال دیں گے۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ اکیلے ہیں، میں نے کہا ہمارے پاس پورا پاکستان، سارا سوشل میڈیا اور تمام پاکستانی بھائی سب موجود ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں محفوظ رکھنے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں ہم سیاست میں آچکے ہیں۔ میں ایک بار پھر واضح کردوں کہ ہم سیاست میں نہیں۔ ہم بانی پی ٹی آئی کی ان شاء اللہ رہائی تک سب آپ کے سامنے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے پاس کوئی عہدہ نہیں ہے، وہ اپنی پارٹی جیل سے چلارہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی پاکستان کے لوگوں کی زبان ہیں۔ وہ پاکستان کے لوگوں کی سوچ ہے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہر چیز کا فیصلہ اڈیالہ جیل سے ہی ہوگا اور ابھی بھی ہورہا ہے۔ جب تک بانی پی ٹی آئی باہر نہیں آتے ہیں ہم آپ کے سامنے ہیں۔ ہمیں جو دھمکیاں دی جارہی ہیں، اللہ تعالیٰ ہمارا خیال کرنے والا ہے۔ ہم سیاست میں نہیں لیکن گھر سے نکل کر سیکھا بہت کچھ ہے۔ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کی حفاظت بھی کریں گے اور ہر چیز جو ان کے ساتھ کی گئی سامنے لائیں گے۔ جو غلطیاں اور غداریاں ہوتی ہیں، اس کے اوپر بھی نظر رکھیں گے۔

Alima Khan Media talkImran KhanPTI FounderStatement