راولپنڈی: پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پیپلز پارٹی سے انتخابی اتحاد سے انکار کردیا۔
عمران خان کا اڈیالہ جیل میں کمرۂ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہنا تھا کہ لندن پلان کے تحت مجھے جیل میں ڈالا، پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہمیشہ امپائرز کو ساتھ ملا کر کھیلتا ہے، پرسوں ایک امپائر نے نوبال دی ہے، پیش گوئی کررہا ہوں ان کے ساتھ بہت برا ہونے والا ہے۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا پیپلز پارٹی کے ساتھ انتخابی اتحاد ممکن ہے؟ اس پر عمران خان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ کسی صورت اتحاد نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے کیس ختم کردیے گئے، نوازشریف، آصف زرداری، مریم نواز نے توشہ خانہ سے بلٹ پروف گاڑیاں لیں، انہیں کوئی نہیں پوچھتا۔
بانی پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ سائفر کا اوپن ٹرائل کیا جائے، تاکہ لوگوں کو حقائق کا پتا چلے، یہ مجھے کہتے ہیں کہ سائفر کو سیکرٹ کیوں نہیں رکھا۔
خیال رہے کہ 13 جنوری کو سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات اور بلے کے انتخابی نشان کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا اور پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس لے لیا تھا۔