راولپنڈی: سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قسم اٹھاسکتا ہوں بشریٰ بی بی کا چہرہ نکاح والے دن دیکھا۔
پی ٹی آئی کے بانی نے اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت کے بعد کمرہ عدالت میں موجود صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے نہ کوئی ملا نہ مذاکرات کیے، طویل عرصے تک جیل میں رہنا پڑا تو بھی مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا میں تو جان دینے کو تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ لندن پلان نواز شریف کو لانے، ہمیں جیلوں میں ڈالنے اور پی ٹی آئی کو ختم کرنے کے لیے تھا، 9 مئی لندن پلان کا حصہ تھا مجھے غیر آئینی طور پر پکڑاگیا، 48 گھنٹوں میں ہمارے دس ہزار لوگوں کو گرفتار کیا گیا، یاسمین راشد واضح طور پر کہہ رہی ہیں کہ لوگ کور کمانڈر ہاؤس کے اندر نہ جائیں، سی سی ٹی وی دیکھ لیں ان کو کون اندر لے کر گیا، آج تک 9 مئی کا کمیشن کیوں نہیں بنا۔
پی ٹی آئی کے سابق سربراہ نے کہا کہ جو بشریٰ بی بی کے ساتھ کیا، دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی، جو انہوں نے بشریٰ بی بی کے سابق خاوند کے ذریعے کرایا اور جھوٹا الزام لگایا ہے، یہ انتہائی اخلاق سے گرے ہوئے لوگ ہیں، میں قسم اٹھانے اور قرآن پر ہاتھ رکھنے کے لیے تیار ہوں بشریٰ کو اس دن دیکھا جس دن میرا نکاح ہوا۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں آپ کا کپتان آخری سانس تک لڑنے کے لیے تیار ہے، میں آج آپ کو واضح کررہا ہوں الیکشن پی ٹی آئی جیتے گی، شیخ مجیب الرحمٰن کے خلاف انہوں نے کیا کیا مگر اس نے 162 سیٹیں جیتی تھیں،
عمران خان نے مزید کہا کہ 6.17 کی گروتھ کو صفر پر لے آئے ہیں، حالات دیکھ کر خدشہ ہے کہیں یہ الیکشن سے بھاگ ہی نہ جائیں، عوام کیا پاگل ہیں انہیں نہیں پتا کہ انہوں نے کیا کیا ہے۔