اسلام آباد: جنت ارضی پر بھارتی قبضے کے 73 سال مکمل ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے کشمیری عوام کو انصاف ملنے تک ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر اور یوم سیاہ پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم یہ دن بھارتی غیر قانونی قبضے کی مذمت کرنے کے لیے منارہے ہیں، آج کے دن ہم کشمیری عوام کی مکمل حمایت کا اعادہ کررہے ہیں، یوم یکجہتی کشمیر انسانی تاریخ کے ایک تاریک باب کو اجاگر کرتا ہے، آج کے دن 73 سال قبل بھارتی فورسز نے جموں و کشمیر کے لوگوں پر زبردستی قبضہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج کے دن بھارتی افواج کشمیری عوام کو زبردستی محکوم بنانے سری نگر پہنچی، جموں و کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ایک بین الاقوامی تنازع ہے اور اس تنازع کا حل اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں میں ہے، سات دہائیوں سے جاری مظالم کے باوجود بھارت کشمیری عوام کا عزم توڑنے میں ناکام ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی، بے گناہ کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل، آزادی اظہار رائے پر پابندیوں میں ملوث ہے، جعلی مقابلوں، حراست میں تشدد اور اموات، کشمیری قیادت کی نظربندیوں کے واقعات کی دنیا گواہ ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پیلٹ گنوں کا استعمال اور مکانات کو نذرآتش کررہی ہے، عالمی برادری گواہ ہے کہ بھارت ہر حربہ آزماکر بھی کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جدوجہد کو ختم کرنے میں ناکام ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی یک طرفہ کارروائیاں آر ایس ایس سے متاثر ہندوتوا سوچ کی عکاسی ہیں، مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرے اور 5 اگست کے یک طرفہ اقدام نے ‘ہندوتوا’ نظریے کو بے نقاب کیا، ہندوتوا نظریے اور اکھنڈ بھارت ڈیزائن کا امتزاج علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جموں و کشمیر تنازع کی بین الاقوامی قانونی حیثیت اقوام متحدہ کی قراردادوں میں شامل ہے، رکن ممالک کی اجتماعی ذمے داری ہے کہ وہ بھارت سے اپنی بین الاقوامی ذمے داریوں کی تعمیل کو یقینی بنائے، عالمی برادری بھارت کو ریاستی دہشت گردی کے ذریعے خطے کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش سے روکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازع کے پُرامن حل کے لیے کام کرے، یہ واحد راستہ ہے جو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بناسکتا ہے، پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر کھڑا رہے گا اور حق خودارادیت کے حصول تک کشمیری بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔
صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے یومِ سیاہ کے موقع پرپیغام دیا کہ آج کے دن بھارتی فوج نے بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا، 5 اگست کو بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت اور اس کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے لیے قدم اٹھایا، بھارت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں سے بھارتی وعدوں کی خلاف ورزی ہیں۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ کشمیری ایک سال سے زائد عرصے سے اپنے گھروں میں قید ہیں، کشمیری اپنی ہی زمین میں غیر ملکی اور اپنی سڑکوں پر آزادانہ طور پر چلنے کے قابل نہیں، 80 لاکھ کشمیریوں پر9 لاکھ سے زائد قابض فوج نے مقبوضہ علاقے کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنادیا ہے، بھارتی مظالم کی ہولناکی اور ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیری عوام پُرعزم ہیں۔