لاہور: وزیراعظم لاہور پہنچ گئے، مختلف تقاریب میں شرکت کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب صوبے کے امور کے متعلق وزیراعظم کو بریف کریں گے۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، وزیراعظم عمران خان ایک انٹرنیشنل برانڈ کی لانچنگ تقریب میں بھی شریک ہوں گے، وزیراعظم کو صحت کے شعبے میں ڈیولپمنٹ پروجیکسٹس کے متعلق بریف کیا جائے گا، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد وزیراعظم کو صحت کے شعبے میں ڈیولپمنٹ پروجیکٹ پر بریف کریں گی۔
وزیراعظم مون سون شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگائیں گے، عمران خان ایوان وزیراعلیٰ میں قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ کا سنگ بنیاد رکھیں گے، قائداعظم بزنس پارک 1536 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے۔ قائداعظم بزنس پارک پہلے صرف گارمنٹس کے لیے تھا، اب یہاں دیگر بزنس کی بھی اجازت ہوگی۔
قائداعظم بزنس پارک میں 200 ایکڑ رقبے پر مشتمل لیبر کالونی ہوگی، سو ایکڑ رقبہ انٹرچینج کے لیے مختص کیا گیا ہے، قائداعظم بزنس پارک شروع ہونے سے پانچ لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، قائداعظم بزنس پارک میں 250 ارب کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔