اسلام آباد: ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں ضمانت منظور کرلی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو 190 ملین پاؤنڈ نیب کیس میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کردیا۔
عدالت عالیہ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو آج سنایا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کی جانب سے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
عدالت نے مختصر زبانی فیصلہ کھلی عدالت میں سنایا، بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کے متعلق تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
عدالت نے عمران خان کو 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں قید ہیں، وہ سائفر اور عدت کیس میں سزا معطلی تک رہا نہیں ہوسکتے۔