عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں سائفر کیس کو چیلنج کردیا

اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے سائفر کیس کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔
عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 23 نومبر سے اب تک ٹرائل کورٹ کی کارروائی غیر قانونی اور انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے، 12 دسمبر کو ٹرائل کورٹ نے سائفر کیس کے خلاف ہماری درخواست مسترد کی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ جج نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعہ 13 (2)(3) میں لفظ شکایت کی درست تشریح نہیں کی، قانون میں لفظ شکایت کی تشریح واضح ہے، قانون کے مطابق شکایات کا مطلب کسی الزام پر مجسٹریٹ کے روبرو زبانی یا تحریری استدعا ہے جب کہ پولیس افسر کی رپورٹ کا ذکر نہیں، کرمنل پروسیجر کی دفعہ 4 (h) میں بھی لفظ شکایت کو واضح کیا گیا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ ایک اسپیشل قانون ہے جو عام قانون سے مختلف ہے، اسپیشل لاء ہونے کی وجہ سے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا اطلاق کرتے ہوئے قانونی طریقہ کار اپنانا ضروری ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف زیر سماعت سائفر کیس ایف آئی آر اور پولیس رپورٹ کی بنیاد پر چلایا جارہا ہے، سائفر کیس میں اب تک کی کارروائی غیر قانونی قرار دے کر عمران خان کو بری کیا جائے۔

ChallengedCypher CaseFormer Prime MinisterImran Khanislamabad High courtPTI Founder