سائفر کیس سے عمران خان اور شاہ محمود قریشی بری

اسلام آباد: عدالت عالیہ نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے بری کردیا۔
اپیلیں سننے والے بینچ میں چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شامل تھے۔ بینچ نے آج سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی اپیلیں منظور کرلیں۔
فیصلے سنائے جانے کے موقع پر پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت اسلام آباد ہائی کورٹ میں موجود تھی۔
چئیرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر، علی محمد خان، فیصل جاوید اور شاندانہ گلزار بھی کمرۂ عدالت میں موجود تھے۔
بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اور شاہ محمود قریشی کی اہلیہ اور بیٹیاں بھی کمرۂ عدالت میں موجود تھیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے سائفر کیس فیصلے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان اور پاکستان کے 25 کروڑ عوام کے لیے خوشی کا دن ہے، آج عوام نے دیکھا کہ انصاف کا علم بلند ہوا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ایک ناحق اور بے بنیاد کیس کا خاتمہ ہوا ہے۔
دھیان رہے کہ خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

 

AcquittedCypher CaseImran Khanislamabad High courtPTI FounderShah Mahmood Qureshi