نئی دہلی: بھارتی ٹیم کے سابق اوپنر روی شاستری نے عمران خان کو دنیا کے بہترین کپتانوں میں سے ایک قرار دے دیا۔
اپنی کتاب ’’اسٹار گیزنگ‘‘ میں بھارتی کوچ نے لکھا کہ اس بات کو ثابت کرنے کے لیے کسی چیز کی ضرورت نہیں، ریکارڈ گواہی دے رہے ہیں، جو بھی عمران خان کے خلاف کھیل چکا، وہ بطور کپتان، کھلاڑی اور آل راؤنڈر ان کے قد کاٹھ کو جانتا ہے۔
روی شاستری نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے لکھا کہ انڈر25 ٹیم کے خلاف ایک میچ میں عمران خان ٹریفک مسائل کی وجہ سے تاخیر سے آئے اور فوری بولنگ شروع کرنا چاہتے تھے، بطور کپتان میں نے اعتراض کیا کہ قانون کے مطابق وہ ایسا نہیں کرسکتے، انہوں نے وسیم اکرم اور دیگر بولرز سے کہا کہ باؤنسرز سے اس کا امتحان لو۔
بعد ازاں شارجہ میں ایک انٹرنیشنل میچ کے دوران بھارت اچھی پوزیشن میں تھا کہ مجھے کریمپس پڑگئے، رنر منگوانے کے لیے کہا تو عمران خان نے انکار کردیا، مجھے اندازہ ہوگیا کہ کپتان ماضی کا واقعہ نہیں بھولے اور بدلہ اتار دیا، میں جلد ہی آؤٹ ہوگیا اور ٹیم اچھا ٹوٹل نہ بناسکی، عمران میدان میں کسی کو معاف نہیں کرتے تھے، باہر بھی خاموش لیکن حریف کھلاڑیوں سے دوستانہ تعلقات رکھتے تھے۔