وزیراعظم کا بزدار پر اظہار اعتماد، وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی افواہیں مسترد

لاہور: حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر سردار عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے واضح کردیا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار ہی رہیں گے۔

وزیراعظم نے عوامی بہبود کی خاطر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے کیے گئے اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے انسداد کورونا کے لئے بہترین کام کیا۔
وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور آئے ہیں۔ ایوان وزیراعلیٰ میں وزیراعظم سے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی، جس میں صوبائی امور پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعلی پنجاب نے صوبے میں آٹا گندم کی صورت حال اور انسداد کورونا اقدامات سے آگاہ کیا جب کہ بلوچستان میں حکومت پنجاب کے تعاون سے منصوبوں پر بھی اعتماد میں لیا۔
وزیراعظم عمران خان نے عوامی ریلیف کے لیے حکومت پنجاب کے اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے انسداد کورونا کے لیے بہترین کام کیا، حکومتی اقدامات کے باعث کورونا کیسز میں واضح کمی ہوئی، اب حالات بہتر ہورہے ہیں، اسمارٹ لاک ڈائون پر حکومت کی جانب سے ایس او پیز پر زبردست عمل درآمد کرایا گیا۔
صوبے کے دورے کے دوران وزیراعظم کو راوی روڈ اتھارٹی کے تحت لاہور میں نیا شہر بسانے سے متعلق بریف کیا جائے گا۔