اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ احتجاج کی آڑ میں شرپسند عناصر کو ملک کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی کو ملک کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اجلاس کے دوران انھیں مذہبی جماعت کے ملک گیر احتجاج پر بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیراعظم عمران نے کہا کہ حکومت تحریک لبیک کے ساتھ مسلسل مذاکرات کر رہی تھی لیکن ان کی قیادت ایک طرف مذاکرات اور دوسری طرف مارچ کی تیاری جاری رکھے ہوئے تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک کے متوقع مارچ میں شرپسند عناصر کے فائدہ اٹھانے کی اطلاعات تھیں۔ آئندہ 24 گھنٹے اہم ہیں، امید ہے حالات بہتر ہوجائیں گے۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاہدے کے مطابق تحریک لبیک کے مطالبات پارلیمنٹ میں پیش کریں گے۔