اپوزیشن کو حال پر چھوڑ دیں، بھارت کشمیریوں کو حق رائے دہی دے: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو اس کے حال پر چھوڑ دیں، ذاتی مفادات پر مبنی تحریکیں کامیاب نہیں ہوسکتیں، پہلے بھی کہا تھا، پی ڈی ایم کا کوئی مستقبل نہیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں شیخ رشید، پرویز خٹک، اسد عمر، فواد چودھری شریک ہوئے۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات گزر چکے، مہنگائی کو کنٹرول کرنا اولین ترجیح ہے، ڈھائی سال گزر گئے، اب سب کو پہلے سے زیادہ محنت کرنا ہوگی، تحریک انصاف حکومت عوام کی امیدوں پر پورا اترے گی۔ عمران خان نے کورونا کے باعث مالاکنڈ اور دیگر مقامات پر جلسے منسوخ کردیے۔
قبل ازیں سیکیورٹی ڈائیلاگ سیشن کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو حق رائے دہی دے، یہ دونوں ملکوں کیلئے بہتر ہے، پاکستان نے بڑی کوششیں کیں، اب بھارت کو پہلا قدم اٹھانا ہوگا، سیکیورٹی فورسز نے بے مثال قربانیوں سے ملک کو محفوظ بنایا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نیشنل سیکیورٹی پر بحث کی ضرورت ہے، نیشنل سیکیورٹی کے اہداف بہت وسیع ہیں، ہم اب تک قومی سلامتی کو صرف سیکیورٹی فورسز کو مضبوط کرنے کی نظر سے دیکھتے ہیں، موسمی تبدیلی پر 6 سال پہلے کوئی بات نہیں کرتا تھا، ہم نے 10 بلین ٹری سونامی کا آغاز کیا، فخر ہے کہ بلین ٹری سونامی کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے۔

Cabinet meetingIndiaoccupied KashmirPDMPM Imran Khan