کابل: وزیراعظم پاکستان عمران خان ایک روزہ دورے پر افغانستان پہنچے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان افغان صدر اشرف غنی کی خصوصی دعوت پر ایک روزہ دورے پر کابل پہنچے ہیں، ان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اورافغانستان میں پاکستان کے نمائندہ خصوصی سمیت دیگر اہم شخصیات بھی ہیں۔
کابل ایئرپورٹ پر وزیراعظم عمران خان اوروفد کا استقبال افغان وزیر خارجہ محمد حنیف اتمر نے کیا، جس کے بعد وزیراعظم عمران خان افغان صدارتی محل پہنچے جہاں افغان صدر اشرف غنی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا دورہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں کے مستقل سلسلے کا حصہ ہے، اس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان افغانستان کے صدر اشرف غنی کی دعوت پر پہلی بار کابل کا دورہ کررہے ہیں۔