لندن: پاکستان کے سب سے زیادہ تین بار وزیراعظم رہنے والے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے لانگ مارچ کے اعلان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کا لانگ مارچ کسی انقلاب کے لیے نہیں بلکہ اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانے کے لیے ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کا انقلاب اس کی 4 سالہ حکمرانی میں عوام دیکھ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسروں کو چور کہنے والا عمران خان خود فارن فنڈنگ، توشہ خانہ اور 50 ارب کی ڈکیتی کے ناقابل تردید ثبوتوں کے ساتھ تاریخ کا سب سے بڑا چور ثابت ہوا ہے۔
دھیان رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے جمعہ 28 اکتوبر سے لاہور کے لبرٹی چوک سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔