وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس، غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: ملک بھر میں وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت بجلی کی لوڈمینجمنٹ اور بجلی چوری روکنے کے امورپر اجلاس ہوا، جس میں وزارت توانائی نے بجلی چوری اور لوڈشیڈنگ پر مفصل بریفنگ دی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ صرف خسارے میں چلنے والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، اس پر وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی چوری روکنا متعلقہ اداروں کی ذمے داری ہے، وہ اپنی ذمے داری پوری کریں اور لوگوں کو ریلیف دیں، بجلی کی چوری کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، بجلی چوری کے خلاف مشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور بجلی چوری کا مکمل خاتمہ کریں گے۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا ذاتی طور پر بجلی چوری کی روک تھام پر پیش رفت کا ماہانہ جائزہ لوں گا، صوبائی حکومتیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے انسداد بجلی چوری مہم میں معاونت کریں، بجلی چوری کے خلاف تمام حکومتی ادارے اپنی ذمے داریاں احسن طریقے سے نبھائیں، بجلی کی اوور بلنگ قطعی طور پر نہیں ہونی چاہیے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو وزیراعلیٰ کے پی سے ہونے والی ملاقات اوران کی طرف سے کے پی میں بجلی چوری روکنے کی یقین دہانی پر بھی بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے اس پیش رفت کو سراہا۔
دوران اجلاس وزیراعظم نے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کی شدت کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے، لہٰذا نقصان میں چلنے والے فیڈرز پر بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے۔

 

Electricity Load SheddingPM Shahbaz SharifUnAnnounce