راولپنڈی: وزیراعظم کی زیر صدارت آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس ہوا، جس میں انہیں ملکی سیکیورٹی صورت حال سمیت اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان اپنے رفقاء کے ہمراہ آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز پہنچے تو لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ان کا استقبال کیا۔ بعدازاں انہوں نے ایک اہم اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو اہم معاملات پر بریفنگ دی۔
اس اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر خزانہ شوکت ترین اور مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اعلیٰ عسکری اور وزارت خارجہ کے حکام بھی شریک تھے۔ اجلاس میں افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار پر تفصیلی بات چیت کی گئی جب کہ ملکی سلامتی سے متعلق امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیراعظم کو ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورت حال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم وفد کے ہمراہ 3 گھنٹے سے زائد تک آئی ایس آئی ہیڈ کوراٹرز میں موجود رہے۔
وزیراعظم عمران خان کے دورہ آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور نیول چیف ایڈمرل محمد امجد نیازی بھی ساتھ تھے۔
اجلاس میں اعلیٰ قومی اور عسکری قیادت کو علاقائی اور ملکی سلامتی کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز کے خلاف آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔