اسلام آباد: ملکی معیشت اور بڑھتی مہنگائی کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے آج اہم اجلاس طلب کرلیا، جس میں عوام کو درپیش مسائل کے ضمن میں بھی مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس آج ہوگا، ملکی معاشی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا، عوامی مشکلات کے تدارک کے لیے حکمت عملی پر مشاورت ہوگی۔
اجلاس میں وزراء کو صوبائی و ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اقدامات کے حوالے سے ہدایات دی جائیں گی، عوامی ریلیف کے حوالے سے بڑے اعلان متوقع ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے گرانی کا ہولناک طوفان آیا ہوا ہے۔ بجلی، ایندھن، اشیاء ضروریہ کے نرخوں میں ہوش رُبا اضافہ ہوچکا ہے۔