اسلام آباد: آئی ایم ایف نے عوام دشمن مطالبہ کرڈالا، غریب لوگ پہلے ہی بدترین گرانی سے پریشان ہیں، ایسے میں عالمی ادارے نے پاکستان سے آٹے، گھی، چینی، دالوں اور چاول کے ساتھ گیس اور بجلی پر بھی سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا آغاز اکتوبر میں ہوگا جب کہ آئی ایم ایف نے سبسڈی ختم کرنے کے ساتھ مالی نظم و ضبط قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے کہا گیا کہ آٹے، گھی، چینی، دالوں اور چاول پر سبسڈی ختم کرکے صرف احساس پروگرام میں شامل افراد کو ہی ٹٓارگٹڈ سبسڈی دی جائے۔
مذاکرات میں پاکستانی معیشت، اہداف کے حصول، سبسڈیز، محصولات اور گردشی قرضے کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات کی کامیابی کی صورت حکومت کو 1 ارب ڈالر قرض کی قسط جاری کی جائے گی جب کہ مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے حکومت نے بجلی اور گیس مہنگی کرنے کی تیاریاں کرلی ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں پچھلے تین چار سال کے دوران گرانی میں ہوش رُبا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ہر شے کے دام خاصے بڑھ چکے ہیں، عوام کے لیے اس صورت حال میں روح اور جسم کا رشتہ برقرار رکھنا ازحد دشوار ترین امر بن کر گیا ہے۔