سیاسی نہیں مینڈیٹ معاشی مسائل تک محدود ہے، نمائندہ آئی ایم ایف کا عمران کے خط پر ردعمل

اسلام آباد: آئی ایم ایف کی نمائندہ ایسٹر پیرز نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خط پر ردعمل میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف مقامی اور سیاسی مسائل پر تبصرہ نہیں کرتا۔
ایک بیان میں پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ایسٹر پیرز نے کہا کہ آئی ایم ایف کو پی ٹی آئی کی جانب سے 28 فروری کو خط ملا، یہ خط پاکستان کے قرض پروگرام سے متعلق ہے۔
ایسٹر پیرز نے کہا کہ آئی ایم ایف ایک بین الاقوامی ادارہ ہے، جس کا مینڈیٹ معاشی مسائل تک محدود ہے لہٰذا آئی ایم ایف مقامی اور سیاسی مسائل پر تبصرہ نہیں کرتا۔
نمائندہ آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ ہماری انگیجمنٹ کا مقصد مالی استحکام ہے، ہمارا مقصد شہریوں کے فائدے کے لیے پائیدار اور جامع ترقی ہے، ہمارا مقصد مضبوط پالیسیوں کے نفاذ کی حمایت کرنا ہے۔
خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے گزشتہ دنوں آئی ایم ایف کو خط لکھا تھا جس کی تصدیق انہوں نے خود کی تھی۔
عمران خان نے خط میں آئندہ بیل آؤٹ پیکیج کے وقت پاکستان کے سیاسی استحکام کو مدنظررکھنے کی درخواست کی تھی۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے عمران خان کے آئی ایم ایف کو لکھے جانے والے خط کو سائفر کے بعد ایک اور ملک دشمنی قرار دیا تھا۔

 

IMF RepresentativeImran Khan LetterStatement About LetterTo IMF