اسلام آباد/ نیویارک: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 12 جولائی کو ہوگا، بتایا جارہا ہے کہ یہ اجلاس پاکستان کے قرض معاہدے کی منظوری کے لیے منعقد کیا جارہا ہے۔
آئی ایم ایف حکام کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو قرض کی پہلی قسط جاری کی جائے گی۔
آئی ایم ایف حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کو دی جانے والی پہلی قسط کا حجم ایک اعشاریہ ایک (1.1) ارب ڈالر ہوگا۔
دھیان رہے کہ 30 جون کو پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا ہے، یہ 3 ارب ڈالر کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ ہے۔
آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق معاہدہ پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ کم کرے گا اور معاہدے سے سماجی شعبے کے لیے فنڈز کی فراہمی بہتر ہوگی جب کہ معاہدے کے تحت پاکستان ٹیکسز کی آمدن بڑھائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ٹیکس کی آمدن بڑھنے سے عوام کی ترقی کے لیے فنڈنگ بڑھ سکے گی، معاہدہ پاکستان میں مالی نظم و ضبط کا باعث بنے گا اور معاہدے سے توانائی کی اصلاحات یقینی بنائی جائیں گی جب کہ ایکسچینج ریٹ کو مارکیٹ کے حساب سے مقرر کیا جائے گا۔