ملکی سلامتی، معیشت کو غیر قانونی مقیم غیر ملکی متاثر کررہے ہیں، آرمی چیف

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی پاکستان کی سلامتی اور معیشت کو بری طرح متاثر کررہے ہیں، اس لیے ان کی وطن واپسی کا فیصلہ حکومت نے پاکستان کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا، جہاں کور کمانڈر نے اُن کا استقبال کیا۔ آرمی چیف نے انسداد دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں کے دوران بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ پیش کرنے والے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔
آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کی بے مثال کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر ہے، کامیابی پاکستان کا مقدر ہے اور پاک فوج مادر وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کا بے لوث اور مقدس فریضہ خون کے آخری قطرے تک ادا کرتی رہے گی۔
آرمی چیف نے پہلی بار منعقد ہونے والی قومی ورکشاپ خیبر پختونخوا (NWKP-1) کے شرکاء سے بھی خصوصی خطاب کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کو خیبر پختونخوا کے غیور عوام کی پُرعزم حمایت کے باعث ہی صوبے میں استحکام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔
پاکستان کی خوش حالی کو خیبر پختونخوا سے جوڑتے ہوئے آرمی چیف نے زور دیا کہ ہاکستان کے امن اور استحکام کے لیے دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ہم آہنگی اور جامع حکمت عملی کے ذریعے ناکام بنایا جارہا ہے۔
آرمی چیف نے نئے ضم شدہ اضلاع میں اقتصادی ترقی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
آرمی چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو طے شدہ اصولوں کے مطابق باعزت طریقے سے ان کے ملکوں میں واپس بھیجا جارہا ہے۔
پشاور دورے کے دوران آرمی چیف کو سیکیورٹی کی مجموعی صورت حال، انسداد دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی اور نئے ضم شدہ اضلاع میں سماجی و اقتصادی ترقی کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 

affectedAlliansArmy chiefEconomyGeneral Asim MunirPakistan SecurityPeshawarspeech