اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج تشدد سے متاثرہ افراد سے یکجہتی کا عالمی دن ہے، میں دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف دلاتا ہوں، عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیری پیلٹ گن، جنسی تشدد، بجلی کے جھٹکوں اور تشدد کا سامنا کررہے ہیں، بہیمانہ زیادتیوں پر مسلسل خاموشی انسانی حقوق اور قوانین کے خلاف ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ہندوتوا کی پیروکار قابض مودی سرکار کے حکم پرغاصب بھارتی افواج کے ہاتھوں رقم کی جانے والی بربریت کی یہ داستانیں اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اورعالمی میڈیا نے مرتب کررکھی ہیں۔ اس سفاکیت پر روا رکھا جانے والا سکوت انسانی حقوق اورعالمی انسانی قوانین کے خلاف ہے جسے گوارا نہیں کیا جانا چاہیے۔