واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے قطر پر دوبارہ حملہ کیا تو امریکا ساؤتھ پارس گیس فیلڈ کو تباہ کردے گا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ساؤتھ پارس گیس فیلڈ ایک انتہائی اہم اور قیمتی اثاثہ ہے اور امریکا کو اس پر ہونے والے حالیہ اسرائیلی حملے کا پیشگی علم نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل اس مقام پر دوبارہ حملہ نہیں کرے گا، تاہم ایران کو خبردار کیا کہ اگر اس نے قطر کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا تو امریکا انتہائی سخت ردعمل دے گا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ قطر کی ایل این جی تنصیبات پر حملے بلاجواز اور غیر منصفانہ ہیں اور اگر ایسے حملے دوبارہ ہوئے تو امریکا ایسا جواب دے گا جس کی شدت پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی ہوگی۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے قطر پر حملہ خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھاسکتا ہے جب کہ امریکا اس سطح کی تباہی سے بچنا چاہتا ہے کیونکہ اس کے ایران پر طویل المدتی اثرات مرتب ہوں گے۔